راولپنڈی: (دنیانیوز) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چرایاگیا ایسے انتخابات سے ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی میڈیا تو پاکستان میں ہونے والے الیکشن کو دھاندلی زدہ کہہ رہا ہے، پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو جماعتیں پی ٹی آئی کو توڑ کر بنائی گئیں ، ان کیلئے شرمندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے جیتے ہوئے الیکشن کو نہیں منا رہے، درخواست ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری نہ کریں، الیکشن میں جیتے ہوئے لوگ بھی اس الیکشن کو نہیں مان رہے، انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ ائین کے ساتھ کھلواڑ ہوا ہے، تحقیقات کی جائیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات کے بعد میری اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات نہیں ہوئی، قید تنہائی میں رکھا گیا ہے بلاول کس منہ سے نون لیگ کے ساتھ اتحاد کریں گے؟، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں جن کے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے وہ اکٹھی ہو جائیں۔
سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ میری بیٹی 14 ہزار کی لیڈ سے جیت رہی تھی، ایک دم رزلٹ آنا بند ہو گئے ، چار بجے تک جاگتا رہا رزلٹ نہیں آرہے تھے ، میری بیٹی کے پاس 281 پولنگ سٹیشن کے فارم 45 موجود ہیں، 16 ہزار 555ووٹ مسترد ہوئے اس کے باوجود جیت رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ لنگڑی لولی حکومت بنا بھی لی تو چل نہیں سکے گی ، لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر ہم الیکشن کمیشن جارہے ہیں ، ان انتخابات کی ساکھ صفر فیصد ہے جو حکومت بنے گی وہ چلے گی کیسے؟ اگر حکومت بن بھی گئی تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی۔