اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کیس میں دائر صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی بنچ 20 فروری کو سماعت کرے گا۔
جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی لارجر بنچ میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر عدالتی معاونین سے تحریری دلائل طلب کئے تھے۔
واضح رہے کہ 12 برس قبل 2011 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 186 کے تحت بھٹو کی عدالتی حکم سے پھانسی کے فیصلے پر ایک ریفرنس دائر کیا تھا۔
اس کیس کی پہلی سماعت 2 جنوری 2012 کو جبکہ آخری 12 نومبر 2012 کو ہوئی، پہلی 5 سماعتیں سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں 11 رکنی لارجر بنچ نے کی تھیں۔