سینیٹ کا الوداعی اجلاس آج ہوگا، 26 نکاتی ایجنڈا جاری

Published On 19 February,2024 11:18 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایوان بالا سینیٹ کا الوداعی اجلاس آج ہوگا جس کا 26 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سہ پہر 3 بجے ہونے والے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں سینیٹر دلاور خان کی جانب سے منرل ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل منظور کیلئے پیش کیا جائے گا، تین نجی یونیورسٹیوں کے قیام کے بل سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

فوجداری قوانین میں ترامیم اور پاکستان بیت المال ایکٹ میں مزید ترامیم کے بلز پیش ہوں گے، شادی عیسائیاں ایکٹ میں ترمیمی بل اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ترمیمی بل ایوان میں پیش ہوں گے۔

سینیٹ اجلاس میں سینیٹر عبدالقادر ایم فل اور پی ایچ ڈی لیول کے نصاب کو اپ گریڈ کرنے کی قرارداد بھی پیش کریں گے۔