جلاؤگھیراؤ مقدمات: یاسمین راشد و دیگر پر آئندہ سماعت پر فردجرم عائد ہونیکا امکان

Published On 19 February,2024 01:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جلاؤ گھیراؤ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے شیر پاؤ پل پر اشتعال انگیز تقریر، جلاؤ گھیراؤ اور گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے دونوں مقدمات میں آئندہ سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 2 مارچ تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات میں ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کر رکھی ہیں۔