صوابی: (دنیا نیوز) مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ ہم انتخابات میں دھاندلی کیخلاف قانونی جنگ لڑیں گے اور عوام میں بھی جائیں گے۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے صوابی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو سپریم کورٹ میں حالیہ الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے کیس لگا ہوا ہے، ہمارے تحفظات ہیں الیکشن میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین الیکشن ہوئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق جو کامیاب ہوئے ہیں ان کے نتائج کا اعلان کیا جائے۔
اسد قیصر نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق عوام کا مینڈیٹ عوام کو دیا جائے، یہ عوام کا اختیار ہے کہ کس کو اپنا نمائندہ بناتے ہیں، ہم نے ووٹوں کی ایسی چوری اور سینہ زوری نہیں دیکھی تھی، چیف جسٹس صاحب راولپنڈی کمشنر نے جو بات کہی ہے اس پر جوڈیشل تحقیقات کریں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت دوبارہ انتخابات کی طرف نہیں جائیں گے، فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کریں، ملک معاشی بحرانوں کا شکار ہے، ایک اور ڈرامہ کرکے دوبارہ الیکشن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ عوام نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے کوئی بھی ہم سے یہ مینڈیٹ چوری نہیں کر سکتا۔