دھاندلی چھپائی نہیں جاسکتی، سی سی پی او، ڈی سی او کو وضاحت دینی پڑے گی: تیمور سلیم جھگڑا

Published On 18 February,2024 05:23 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ اب کسی بھی صورت میں دھاندلی چھپائی نہیں جا سکتی۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان جارہے ہیں، میرے مقابلے میں پانچویں نمبر کے امیدوار کو پہلے نمبر پر لاکر جتوایا گیا، کامران بنگش کی نشست پر ساتویں نمبر کے امیدوار کو جتوایا گیا۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ساجد نواز کے مقابلے میں نور عالم کو جتوایا گیا، پشاور کا ٹرن آؤٹ سب سے کم لیکن نور عالم کے حلقے میں ٹرن آؤٹ 62 فیصد تھا، چیف سیکرٹری، آئی جی کو کہہ رہا ہوں یہ دھاندلی چھپائی نہیں جاسکتی۔

سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آر اوز 8 فروری سے غائب ہیں، فارم 45 اور 47 کسی کے سامنے نہیں بنایا گیا، ڈی سی پشاور، سی سی پی اور ایس ایس پی پولنگ روم میں رہے، ان کو جواب دینا ہوگا یہ پبلک سرونٹ ہیں، آر اوز کے پاس ہم نے کیس کئے ہیں۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کسی نے عیدگاہ میں دیکھا کہ کیا ایک امیدوار بھی اندر تھا، سی سی پی او، ایس ایس پی اور ڈی سی کو وضاحت دینی پڑے گی۔