عمر ایوب نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر دھاندلی کی پلاننگ کرنے کا الزام لگا دیا

Published On 17 February,2024 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے جن اشخاص پر الزام لگائے ہیں ان کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب نے کہا کہ حکومت بنانے کی ہماری شروع سے ہی سوچ رہی ہے، ہم اب گورنمنٹ بنائیں گے، کمشنر راولپنڈی کے الزامات کیلئے انکوائری کمیشن بیٹھنا چاہئے اور فارم47 جاری کرنا چاہئے۔

عمر ایوب نے کہا کہ اگر کہیں کہ کمشنر اس عمل میں ملوث نہیں ہو سکتا تو یہ بچگانہ بات ہے، کمشنر ہیڈ ہوتا ہے اور باقی عملہ اس کے نیچے کام کرتا ہے، پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے کیلئے ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ہی وہ شخص ہے جس نے پی ٹی آئی کے خلاف یہ سارا کام کیا، محسن نقوی نے جو کمیٹی بنائی ایسے ہی ہے جیسا کہ ڈاکو چور سے کہے کہ وہ انکوائری کرے۔