اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا کہ حکومتی سرکل سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھل کر دھاندلی ہوئی ہے، کمشنر راولپنڈی نے کھل کر سب بتا دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے پوچھا گیا کہ باہر آ کر آپ بدلہ لیں گے؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم فتح مکہ کے ماڈل پر جائیں گے، سیاسی انتقام نہیں سیاسی استحکام کی طرف جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قوم کی ماننی ہے تو جو قوم نے کہا ہے اس کو ماننا پڑے گا، عوام نے جھولیاں بھر بھر کے ووٹ دیا۔
علی محمد خان نے کہا کہ ہمارے لیڈر کو جیل میں ڈالا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد، ہمارے گورنر کو جیل میں رکھا گیا، عامر ڈوگر صاحب نے ملک میں موجود پارٹی کو اکٹھا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی کارکن کڑے وقت میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن جلد کرائے جائیں، ہم نے پہلے بھی انٹرا پارٹی الیکشن درست کرائے تھے۔