کوئٹہ: (دنیا نیوز) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ الیکشن میں سلیکٹ کرانے کیلئے لوگوں سے 70 ارب روپے لیے گئے ہیں۔
اپنے بیان میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم ان سیاسی جماعتوں کو سپورٹ کریں گے جو ایوانوں میں سیاست میں اداروں کی مداخلت کے خاتمے کیلئے قرارداد منظور کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مارشل لاء کے خلاف آواز اٹھانے والے ججز، کوڑے کھانے والے سیاسی کارکنوں کے حق میں قرارداد لائی جائے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میاں نواز شریف صاحب کے ساتھ تب تک کھڑا تھا جب تک وہ آئین و قانون کے ساتھ کھڑے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں شہباز شریف کا یہ کہنا کہ 30 سال سے اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلا ہوں قابل شرم بات ہے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم بندوق نہیں اٹھائیں گے لیکن ہم بڑے خطرناک لوگ ہیں، وطن دوستی اور جمہوریت ہمارے خون میں شامل ہے۔