ہری پور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دن رات انتھک محنت کے بعد ہری پور میں تاریخ رقم کی ہے، اتنی مشکلات کے باوجود ہری پور میں ہماری کامیابی ہوئی، حقیقی آزادی کا پیغام ہے کہ خوف کے بت توڑنے ہیں، ہمارا نشان آخری دنوں میں ختم کیا گیا۔
عمرایوب نے کہا کہ ہمیں پکڑنے کیلئے چھاپے مارے گئے پھر بھی ہماری پارٹی مضبوط ہوئی، ہمارا قصور تھا ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھے، حکومت پاکستان تحریک انصاف کی بنے گی، ہم بانی پی ٹی آئی سمیت جتنے افراد پابند سلاسل ہیں انہیں قانونی طریقے سے رہا کرائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ وزیراعظم بن کر مستغفی ہو کر بانی پی ٹی آئی کو وزیر اعظم بنائیں گے، ایک سال میں معیشت کا حجم مائنس میں گیا، پی ڈی ایم حکومت سے کبھی بھی کوئی اچھی بات نہیں ہوئی کام انہوں نے کچھ کیا نہیں بس ان کا آنا جانا لگا رہا۔