راولپنڈی :(دنیا نیوز) میری ٹائم سکیورٹی کیلئے چوتھا آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ متعارف کرا دیا گیا۔
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی کیلئے تیار کیے جانے والے چوتھے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی لانچنگ کی تقریب کا انعقاد رومانیہ کے ڈامن شپ یارڈ میں ہوا۔
وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، تقریب میں درجنوں دیگر نیول افسروں نے بھی شرکت کی ۔
وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے تقریب کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جہاز کی شمولیت سے میری ٹائم سکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا، پاک بحریہ سمندر میں تجارتی راستوں کومحفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وائس ایڈمرل نے تقریب میں سمندری امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیااور ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے یرموک کلاس جہاز کے بعد پی این ایس تبوک پاک بحریہ میں شامل ہوا یرموک کلاس کے آخری دو جہاز، پی این ایس حنین اور پی این ایس یمامہ ہیں۔