لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کےدرمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنرپنجاب نے یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کا پاکستان کیلئے ہرمشکل حالات میں ہلال احمر کے ذریعے آگے بڑھ کر مکمل تعاون اور خدمات پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ یو اے ای کے عوام کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے اورمتحدہ عرب امارات پاکستان کو کسی مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے یو اے ای کی جانب سے پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔
دوسری جانب قونصل جنرل نے بخیت عتیق الرومیتی نے اپنے وفد کے ساتھ شیخ زید اسلامک سینٹرکا بھی دورہ کیا، اس موقع پررئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے قونصل جنرل کا استقبال کیا۔
بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین اخوت و محبت کا مضبوط رشتہ صدیوں سے قائم ہے اور اس کو مزید مضبوط سے مضبوط بنانے کیلئے وہ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے مرکزالشیخ زاید الاسلامی میں ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔