سندھ اسمبلی اجلاس: پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

Published On 25 February,2024 11:30 am

کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے ایک رکن سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔

سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے آج سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا، سپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا،  آج سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے قبل ان سے حلف لیا گیا۔

پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے تین، تین ارکان نے حلف نہیں لیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 147 ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف لیا تھا، ابتک مجموعی طور پر 157 ارکان سندھ اسمبلی حلف لے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے 163 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے فیصلے پر پہلے آزاد ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں لیا تھا۔