کوئٹہ: (دنیا نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے پارٹی سربراہ اور صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر پولیس کیخلاف آج احتجاج کا اعلان کر دیا۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا، کسی مجسٹریٹ کے بغیر مارے گئے اس چھاپے میں چادر و چاردیواری کی پامالی کی گئی۔
عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ پولیس نے پارٹی سربراہ کے ایک ذاتی محافظ کو گرفتار بھی کیا جس کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ تھا۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں حالیہ انتخابات میں دھاندلی اور اسکے ذمہ دار افراد کیخلاف حقائق بیان کرنے پر محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے پارٹی سربراہ کے گھر چھاپے کیخلاف آج پیر کو سہ پہر 3 بجے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کاروائیوں سے پارٹی اور قیادت کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔