پاکستان، اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں فریق بنے: مشتاق احمد خان

Published On 10 March,2024 05:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف میں فریق بنے، رمضان آرہا ہے مگر فلسطینی بمباری کے نیچے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں یکجہتی غزہ مارچ و جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے بار بار غزہ میں جنگ بندی کو ویٹو کیا ہے، امریکی ایئرفورس کے افسر نے اسرائیلی مظالم کے خلاف اپنے آپکو آگ لگاکر امریکی حکومت کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے اوآئی سی کے ڈرامے کو تسلیم نہیں کریں گے، پاکستانی عوام فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان ملائشیا ترکیہ کی نیوی غزہ کا بحری محاصرہ توڑے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سے پوچھتا ہوں کہ وہ اسرائیل کے خلاف جلسہ کیوں نہیں کرتیں؟، تینوں بڑی جماعتیں حکومتوں میں ہیں، تینوں بڑی جماعتیں اپنے لیڈران کے لئے جلسے کرتی ہیں اسرائیل کے خلاف کیوں نہیں کرتیں؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی میزائلوں کا رخ اسرائیل کی طرف کیا جائے، پاکستان سمیت تمام مسلمان ممالک کے علما وعوام اپنے بچوں کو لیکر جہاں جہاں امریکی سفارتخانے ہیں ان کے سامنے بیٹھ جائیں۔ 

Advertisement