اسلام آباد :(دنیا نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر علامہ ناصر عباس کی درخواست پر جسٹس سمن رفعت امتیاز نے سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 مارچ 2024 کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کے احکامات جاری کیے،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جان بوجھ کر حکم عدولی کرتے ہوئے ملاقات نہ کرائی۔
وکیل درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات کرائی جائے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 15 مارچ کیلئے نوٹس جاری کردیا۔