راولپنڈی: (دنیا نیوز) بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کا جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے استقبال کیا، تینوں مسلح افواج کے دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔