راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے لاپتہ ماہی گیروں کے لیے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حاجمبرو کریک کے قریب ماہی گیروں کی کشتی کے ڈوبنے سے لاپتہ ہونیوالے ماہی گیروں کی تلاش کیلئے پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ماہی گیروں کی کشتی الاسد 45 افراد کے عملے کے ساتھ 5 مارچ کو خراب موسم کے باعث حاجمبرو کریک کے قریب کھلے سمندر میں ڈوب گئی تھی، اطلاع ملنے پر جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر نے میری ٹائم ہیڈ کوارٹرز، میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر اور پی ایم ایس اے کی معاونت سے بروقت کارروائی شروع کی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے طیارے اور ہیلی کاپٹرز کے ساتھ ساتھ پی ایم ایس اے کے بحری جہاز اور کشتیاں لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے مصروف عمل ہیں۔
پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ لاپتہ ماہی گیروں کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھیں گے۔