اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعے میں ملوث آئی ایم ایف سے مذاکرات سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، وزیراعظم ملک کے مسائل کا جلد حل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک اس لیے نہیں بنایا گیا تھا جس ایجنڈے پرآج تحریک انصاف چل رہی ہے، ہم نے تو میثاق معیشت کی بات تب کی تھی جب اپوزیشن میں تھے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ ہم مسائل پیدا کرنے کےلیے نہیں، مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں، عوام نے ہمیں مسائل کے حل کےلیے ایوان میں بھیجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مٹھی بھرشرپسند عناصر نے امریکا میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے باہراحتجاج کیا، یہ آئی ایم ایف کو کہہ رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو رہاکیا جائےتو پاکستان کو امداد دیں، قوم کو کہتے تھے امریکا نے سازش کی، اب امریکا میں بیٹھ کر مظاہرہ کررہے ہیں ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں اور بات چیت کا اچھا اثر سامنےآرہا ہے، سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، وزیراعظم نے معاشی اصلاحات پر جامع ایجنڈا دیا ہے ۔