پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے: بیرسٹر گوہر

Published On 16 March,2024 03:29 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امید ہے سپریم کورٹ ہمارے حق میں فیصلہ دے گی، کسی بھی سیاسی پارٹی کو جیتی ہوئی سیٹوں سے زیادہ ریزرو سیٹیں نہیں مل سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری خواتین کی ریزرو سیٹوں کا شیڈول تبدیل کردیا تھا،80سیٹیں نہ ملنا بہت بڑا ایشو ہے، امید ہے سپریم کورٹ اس کا فیصلہ کرے گی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دسمبر میں ہم نے مخصوص نشستوں سے متعلق فہرست آراو کے پاس جمع کرائی تھی، ہم نے حالات کی مناسبت سے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے حالات کی مناسبت سے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا تھا، ہم نے ایک سنجیدہ فیصلہ کیا تھا اب بھی اس پر قائم ہیں، سپریم کورٹ سے درخواست ہے ہمارے کیس کا جلد سے جلد فیصلہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں عدلیہ کا فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا، آئی ایم ایف کو جو خط لکھا اس میں کہیں نہیں لکھا کہ پاکستان کو قرض نہ دیں، ہم نے آئی ایم ایف خط میں صاف اور شفاف الیکشن کی تحقیقات کی یاد دہانی کرائی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے امیدواروں سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے بات ہوئی ہے، ہم نے مسئلہ فلسطین میں کسی اور مسئلے کو نہیں شامل کیا، کل شور شرابے میں قرارداد پاس کی گئی۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی بلڈنگ کے باہر مظاہرہ ہم نے ترتیب نہیں دیا، اگر اوورسیز آئی ایم ایف کی عمارت کے سامنے احتجاج کرتے ہیں تو ان کی اپنی مرضی ہے۔