دہشتگردی کے سدباب کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے: مریم نواز

Published On 20 March,2024 06:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ دہشت گردی کے سدباب کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے سی ٹی ڈی کا کردار ناقابل فراموش ہے، معاشی ترقی کے لئے پائیدار امن و استحکام ناگزیر ہے، عوام کے جان و مال کی حفاظت سے بڑی قومی خدمت نہیں ہوسکتی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں سرکاری جامعات بارے رپورٹ طلب کر لیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اسلام کے نام پر انتہا پسندی اور قتل و غارت قابل مذمت ہے، سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان گمنام ہیرو ہیں ان کو سلوٹ پیش کرتی ہوں، سی ٹی ڈی جیسے ادارے کے قیام کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان قابل تحسین قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں، سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان صلہ و ستائش کی پروا کئے بغیر سرگرم عمل ہیں، امن و امان کے لئے کوشاں ادارے کے لئے تمام تر وسائل مہیا کئے جائیں گے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کی ترقی، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کا مشن پائیدار امن و امان کے بغیر ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 6شہروں میں کم آمدن والے افراد کیلئے ہاؤسنگ سکیم کا اصولی فیصلہ

سی ٹی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی وسیم احمد خان نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہا، وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔

مریم نواز نے خواتین افسروں سے ملاقات کی اور گروپ فوٹو بھی بنوایا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے جم کا افتتاح کیا، مریم نواز ڈے کیئر سینٹرمیں بچوں کے ساتھ بیٹھ گئیں اور باتیں کرتی رہیں۔

صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، خزانہ، آئی جی پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
 

Advertisement