اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہندو برادری کو رنگوں کے تہوار ہولی پر مبارکباد دی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کیلئے پاکستانی ہندو برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں، پاکستان کا آئین مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، پاکستان تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ عوام اتحاد کے ذریعے بے مثال بلندیوں اور خوشحالی کی منازل حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب ہندو برادری کے لیے ہولی کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا خصوصاً پاکستان میں ہندو برادری کو رنگوں کا یہ تہوار مبارک ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فخر ہے پاکستان مختلف عقائد، نسلوں، ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر ملکی ترقی خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے لئے کام کریں اور دعا ہے موسم بہار کی آمد ہم سب کے لیے نئی شروعات، امید اور خوشی کا پیام ثابت ہو۔