اسلام آباد: (دنیانیوز) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے سینیٹر شبلی فراز کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے حوالے سے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں 17 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے دائر درخواست پر سماعت ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس نے کی، شبلی فراز وکلا نعیم حیدر پنجوتھہ، انتظار حسین پنجوتھہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جج راجہ جواد عباس نے کہا کہ میں ڈیوٹی جج نہیں ہوں، نئے جج تعینات ہو جائیں تو معاملہ دیکھ لیں گے، پہلی دفعہ مچلکے 5 ہزار تھے، بھاگنے کے بعد 50 ہزار ہو گئے ہیں۔
جج راجہ جواد عباس نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی ضمانت بھی 50 ہزار مچلکوں کے عوض منظور ہوئی، جس پر وکیل شبلی فراز کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ ہیں، وہ دے سکتے ہیں ہم نہیں۔
جج راجہ جواد نے کہا کہ بجلی نہیں جس وجہ سے آرڈر نہیں کر سکتا، 12 بجے تک تحریری آرڈر لے لیں ، بعد ازاں، عدالت نے شبلی فراز کی 17 اپریل تک عبوری ضمانت 50 ہزار مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔
اس سے قبل ان کی ضمانت قبل از گرفتاری عدم پیروی پر خارج کر دی گئی تھی۔