لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پہلی بار مرکزی شاہراہوں پر بڑے پیمانے پر ٹائر کلرز کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے ٹیپا اور ٹریفک پولیس نے 18 مقامات کی نشاندہی کر لی۔
ون وے کی خلاف ورزی روکنے کیلئے ٹیپا 45 روز میں شہر کے 18 مختلف مقامات پر ٹائر کلرز نصب کرے گا، ٹائر کلرز کی تنصیب پر 3 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار روپے کی لاگت آئے گی۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کے وضع کردہ 6 سرکلز میں ٹائر کلرز لگائے جائیں گے، اچھرہ، قرطبہ چوک ،ایل او ایس اور شمع یوٹرن پر ٹائر کلرز لگیں گے، سکیم موڑ جنکشن، بجلی گھر اور ملتان چونگی چوک پر بھی ٹائر کلرز نصب کیے جائیں گے۔
اسی طرح بانساں والا بازار، دو موریہ اور ایک موریہ پل، اکبری منڈی، سرکلر روڈ پر ٹائر کلرز کی تنصیب ہو گی، میو ہسپتال، ظفر علی روڈ، شادمان، پی آئی سی اور مین مارکیٹ یوٹرن پر بھی ٹائر کلرز لگائے جائیں گے۔
چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے آئندہ ماہ ٹائر کلرز کی تنصیب کا آغاز کرنے کی ہدایت کر دی۔