اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پیپلزپارٹی اور سینیٹر شیری رحمان نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ ماریہ کے وحشیانہ قتل کی مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بے گناہ عورت کے ساتھ گھناؤنے عمل اور اس کے غیر انسانی قتل کا سن کر دل رنجیدہ ہے، بھائی اور والد کے ہاتھوں ماریہ کا قتل بنیادی انسانی حقوق اور ہماری روایات کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو نے ہمارے معاشرے کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، اسے عام واقعہ سمجھ کر اس کی خوفناک نوعیت کو نظرانداز نہ کیا جائے، غیر انسانی سلوک اور تشدد کی ایسی کارروائیوں کی مہذب معاشرے میں کوئی جگہ نہیں، اس قتل کی شفاف تحقیقات کر کے تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ ہمارے دل ماریہ اور اس طرح کے ظلم کا شکار ہونے والی تمام متاثرہ خواتین کیلئے دکھتے ہیں، 22 سالہ نہتی اور بیگناہ ماریہ تو قتل ہوگئی لیکن اب اس کے ساتھ انصاف کیا جائے۔