اسلام آباد: (دنیا نیوز) مرکزی رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ جس بے دردی اور بے شرمی سے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اس کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
اسد قیصر نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے کہ الیکشن کس نے جیتا ہوا ہے، ان کے اپنی بیوی بچے بھی انہیں عوامی نمائندہ نہیں مانتے، جعلی مینڈیٹ کی بنیاد پر وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر مملکت بنے، امریکا کے صدر نے خط میں انہیں مبارکباد نہیں دی، اس طرح کی حکومت کبھی نہیں چلے گی۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ حکومت زیادہ سے زیادہ 6 مہینے بھی چلی تو بڑی بات ہوگی، یہ الیکشن دو تہائی سے بانی پی ٹی آئی جیتا ہوا ہے، 180 سے زیادہ سیٹیں ہم نے جیتی ہیں، ہمارے مینڈیٹ کو چھیننے کیلئے انہوں نے ہر طریقہ استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا عدالتوں پر سے اعتبار اٹھتا جا رہا ہے لیکن پھر بھی امید لگا کے بیٹھے ہوئے ہیں، عدالتوں سے ہمارا مینڈیٹ واپس نہیں ملا تو حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، ہم آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کی بالادستی کیلئے جدوجہد کریں گے۔