پی پی 59 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیخلاف حکم امتناع، جواب طلب

Published On 01 April,2024 11:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 59 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا نے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ناصر محمود چیمہ کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔

درخواست گزار نے ایڈووکیٹ فیصل چودھری کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا کہ امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد الیکشن کمیشن ووٹوں کی گنتی کا حکم نہیں دے سکتا، عدالت الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

عدالت نے پی پی 59 گوجرنوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی پی 59 گوجرانوالہ سے دوسرے نمبر پر ووٹ لینے والے لیگی امیدوار بلال فاروق تارڑ کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔