لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجا ب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور کی تعمیر و ترقی، واسا، سینی ٹیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے لاہور کی تعمیر و ترقی کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کے لئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیراعلیٰ ہر 10 دن کے بعد لاہور کی تعمیر و ترقی کے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گی، منصوبے کے تحت لاہور کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران لاہور کے 9 زونز میں ڈرینج اور سیوریج کی بحالی اور تعمیر و مرمت کا جائزہ لیا گیا جبکہ سیور ماسٹر پلان اور واٹر ٹینک بنانے کے پراجیکٹ پر بھی غور کیا گیا، وزیراعلیٰ نے جامع پلان طلب کرتے ہوئے واسا کو مشینری اور افرادی قوت کی ضروریات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں لاہور کے تمام علاقے بتدریج واسا سروسز ایریا میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال کرنے کا حکم دے دیا۔
دوران اجلاس گلیاں پکی بنانے اور ٹف ٹائل لگانے کا پراجیکٹ بھی پیش کیا گیا جس کی وزیر اعلیٰ نے منظوری دیدی، اجلاس میں لاہور شہر میں دو لاکھ 22 ہزار سٹریٹ لائٹس کی بحالی کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر گلی محلے کو صاف دیکھنا چاہتی ہوں، صفائی کی مہم میں عوام بھی حکومت کا ساتھ دے۔