اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا، چیف آف آرمی سٹاف نے ملاقات میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔
جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی آگاہ کیا، ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت سے سنگاپور میں پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر کی ملاقات
صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں، صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لئے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا، صدر مملکت نے قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔
آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا، صدر مملکت نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر اور وزیراعظم کا ملک کو درپیش مسائل سے نکالنےکیلئے مشترکہ عزم کااظہار
صدر مملکت نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اس کی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا، صدر مملکت نے رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
صدر مملکت نے قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، آصف علی زرداری نے کہا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا، صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا، ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔