لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اہم بیان سامنے آگیا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب روانہ ہوں گے، 4 مارچ کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف کا بیرون ملک یہ پہلا دورہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف عمرہ ادائیگی کیلئے ہفتہ کو سعودی عرب جائیں گے
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کمرشل پرواز کے ذریعے روانہ ہوں گے، وزیراعظم اور وفد کے ارکان سفری اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، اس موقع پر مختلف پراجیکٹس سے متعلق بات چیت بھی ہوگی۔
ملاقات کے دوران ریکوڈک پر سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، وزیراعظم کے دورہ سعودی کے دوران مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دیں گے۔