ایل ڈی اے میں پیپر لیس سسٹم لانے اور یونیفارمڈ فورس بنانے کا اصولی فیصلہ

Published On 06 April,2024 04:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) میں پیپر لیس سسٹم لانے اور یونیفارمڈ فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایل ڈی اے پراجیکٹس کا جائزہ اجلاس ہوا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید ،وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر حکام اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں مکمل طور پر پیپر لیس سسٹم لایا جائے گا، ڈرون کیمرے کے ذریعے تجاوزات کی مانیٹرنگ کی جائے گی، شہریوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے ویب سائٹ پر چھوٹے گھروں کے سٹینڈرڈ نقشے فراہم کرے گا، ماڈل تعمیراتی نقشے ایل ڈی اے سے منظور شدہ ہونے سے شہریوں کے وقت کی بچت ہوگی۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے سٹاف کی مانیٹرنگ کا میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں لاہور کے سسٹین ایبل سمارٹ سٹی میں تبدیلی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے 6 ارب روپے کی لاگت سے روڈ سٹرکچر میں بہتری سمیت دیگر پراجیکٹس کی اصولی منظوری دی اور کچی آبادیوں کو ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ پلان میں ترجیحاً شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایل ڈی اے ایونیو ون میں پائلٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دی گئی، پراجیکٹ کے تحت واک ویز، مخصوص بائیک، سائیکل لین، پارکس کی بحالی، ریڑھی اور سٹال کے لئے وینڈنگ ایریا مختص ہو گا، بارش کا پانی زیر زمین منتقل کرنے کا نظام اور سولر سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریڑھی بانوں کیلئے وینڈنگ پوائنٹس بنائے جائیں، کسی کی ریڑھی نہ چھینیں۔

اجلاس میں ایل ڈی اے کی ری سٹرکچرنگ کے پلان کا بھی جائزہ لیا گیا، ایل ڈی اے یونیفارمڈ فورس بنانے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ ایل ڈی اے پولیس سٹیشن بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ایل ڈی اے رولز میں ترمیم ، ون ونڈوز ٹرانسفر ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا نظام لانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایل ڈی اے کو ریونیو بڑھانے کے لئے نئے پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت کی۔

Advertisement