اسلام آباد: (دنیانیوز) تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
تحریک انصاف کے پانچ سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب روکنے کے لیےاسلام آباد ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی۔
تحریک انصاف کی سینیٹر ڈاکٹر زرقا تیمور، فلک ناز، فوزیہ ارشد، سیف اللہ نیازی اور سیف اللہ ابڑو کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، صدر پاکستان اور سینٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔
تحریک انصاف نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب روکا جائے۔
رجسٹرار آفس کا اعتراض
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کردیا، رجسٹرار آفس نے اعتراض میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کا کیس پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخابات کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے ہی رجوع کیا جائے۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیخلاف درخواست سیکرٹری سینیٹ کو بھی جمع کرا دی۔
یہ بھی پڑھیں :تحریک انصاف کا چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ
یاد رہے کہ 6 اپریل کو سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین محمد حامد رضا نے الیکشن کمیشن سے 9 اپریل کو ہونے والے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔