اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 9 مئی واقعہ میں ہمارے لوگ ملوث ہیں تو شفاف ٹرائل کرکے سزائیں دی جائیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 1970ء کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، لندن پلان کے تحت پی ٹی آئی حکومت کو گرانے کی سازش کی گئی، اسی پلان کے تحت الیکشن میں ہارنے والوں کو جتوایا گیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ نومئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کیوں نہیں کروائی جارہی؟ اگر ہمارے لوگ ملوث تھے تو شفاف ٹرائل کے ذریعے سزائیں دی جائیں، نومئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ہم نے ہرگز قومی اداروں پر حملہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی فوج کو ایک مضبوط فوج دیکھنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں ملک کو آئین و قانون کے تحت چلایا جائے۔