اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے کہا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر شکایت ججز کو خوفزدہ کرنے کی حکومتی کوشش ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق دھمکی آمیز خطوط کے بعد مس کنڈکٹ کا ریفرنس عدلیہ مخالف منظم منصوبے کا شاخسانہ ہے، ریفرنس کے ذریعے ججز کو سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوائے گئے خط سے دستبردار ہونے کا پیغام دیا گیا، مقامی وکیل کے ہاتھوں شکایت درج کرانے کے پیچھے وہی کردار ہیں جن کی عدلیہ پر حملہ آور ہونے کی تاریخ ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ ججز کو اپنے گھٹیا پراپیگنڈے کا نشانہ بنانا سپریم کورٹ پر یلغار کرنے والے مافیا کا پرانا وطیرہ رہا ہے، عدلیہ میں مداخلت کی تحقیقات پر اثر انداز ہونے کیلئے ججز کو ہراساں کرنے کی نئی مہم کا آغاز کیا گیا، جرات کا مظاہرہ کرنے والے ججز کو دباؤ میں لانے کیلئے اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ چیف جسٹس اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو ہراساں کرنے کے واقعات کا نوٹس لیں، تحریک انصاف پاکستانی قوم اور دستور و قانون پر ثابت قدم رہنے والے ججز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔