اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب چیلنج کرنے کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی ۔
وکیل پی ٹی آئی شعیب شاہین نے عدالت میں دلائل دیئے ، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا یہ معاملہ پشاور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے ، جس پر شعیب شاہین نے کہا کہ نہیں وہاں پر اور معاملہ ہے ، ہم نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کو چیلنج کیا ہے ، کل الیکشن ہونے جا رہا ہے اور اور ہم نے اس کو چیلنج کیا ۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے پر خیبرپختونخوا میں سینٹ الیکشن ملتوی کردیئے ، اب خیبرپختونخوا کے سینیٹر کے بغیر کل چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہونے جا رہا ہے ، یہ مخصوص نشستوں کا مسئلہ تھا ، الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو نشستیں دینے سے انکار کیا ، اسکے خلاف سنی اتحاد کونسل نے پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ، پشاور ہائیکورٹ نے بھی مخصوص نشستوں کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ۔
شعیب شاہین نے کہا کہ اب وہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ، جو پشاور ہائیکورٹ نے آرڈر کیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیں :چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب چیلنج ، رجسٹرارکا اعتراض
وکیل پی ٹی آئی شعیب شاہین سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سینیٹ الیکشن کا معاملہ تمام صوبوں کی سینٹ نشستوں کی تعداد برابر ہے، فاٹا کا اب کیا ہوگا ، شعیب شاہین نے کہا کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا گیا ہے ، اب باقی صوبوں میں سینٹ الیکشن ہوگئے ہیں خیبر پختونخوا میں ملتوی کردیے گئے ہیں ، وفاق کی نشستوں پر بھی سینٹ الیکشن ہوچکے ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن کب ہے ؟ وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ کل الیکشن ہے اگر الیکشن روک دیا گیا تو بہتر ہوگا ، عید کے بعد اگر الیکشن ہو جائیں تو کیا حرج ہے۔
پی ٹی آئی وکیل نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکا جائے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی سینیٹرز کی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب روکنے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں دیکھنا ہوگا کہ الیکشن روک سکتے ہیں یا نہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کا چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ
تحریک انصاف کی سینیٹر ڈاکٹر زرقا تیمور، فلک ناز، فوزیہ ارشد، سیف اللہ نیازی اور سیف اللہ ابڑو کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، صدر پاکستان اور سینٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔
تحریک انصاف نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب روکا جائے۔