محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی

Published On 14 April,2024 11:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کر دی، رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان اور زیریں سندھ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش ہوگی، چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔