اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد آج 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا، سعودی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سعودی وفد میں سرمایہ کاری، پانی و زراعت، ماحولیات، صنعت، معدنی وسائل، توانائی کے وزراء شامل ہوں گے، وفد پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا۔
سعودی وفد کے دورہ پاکستان کا مقصد دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور باہمی اقتصادی شراکت داری کو مزید متحرک کرنا ہے، اس کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب میں مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کا وفد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا، اس کے علاوہ سعودی وفد کی آرمی چیف کے ساتھ ملاقات کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی وفد پاکستان میں ریکوڈک، دیا میر باشا ڈیم، چھوٹی آئل ریفائنریز کی توسیع سمیت مائننگ و سیاحت کے شعبوں میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے روڈ میپ طے کرے گا۔
اگلے ماہ مئی میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے جس کے دوران معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا آغاز ہوجائے گا۔