اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا سعودی عرب نے دل کھول کر ساتھ دیا، سعودی ولی عہد نے پاکستان کے عوام کے لیے بے پناہ محبت کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کیا، شہباز شریف نے تقریر کا آغاز عربی زبان سے کیا، انہوں نے کہا کہ قرآن کے کم سن حفاظ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اساتذہ کی محنت سے قرآن کریم کا نور بچوں کے دلوں میں اتارا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کو حکومت پاکستان اورعوام کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی گفتگو سے ہمیشہ پاکستان کے لیے محبت نظر آتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات
شہباز شریف نے کہا کہ خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا سیرت میوزیم منصوبے کے لیے تہہ دل سے مشکور ہوں، فیصل مسجد سے سیرت میوزیم تک سعودی عرب کی قیادت کی محبتوں کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی قیادت کی محبت کے جذبات ہمارے لیے قیمتی سرمایہ ہیں، سعودی ولی عہد نے ہمارے دورے میں وفد کی پذیرائی کی، سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے دل کے بہت قریب ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کے عوام کے لیے بےپناہ محبت کے جذبات کا اظہار کیا ہے، جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا سعودی عرب نے دل کھول کر ساتھ دیا، سعودی عرب ہمیشہ اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے سعودی عرب مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے، سیرت میوزیم کا قیام ایک عظیم منصوبہ ہے جو منفی پروپیگنڈے کا جواب مہیا کرے گا، سیرت میوزیم اسلامو فوبیا کے ناپاک پروپیگنڈے کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نوشکی واقعہ کے مجرموں، سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران وسائل پر قبضے کی جنگ کی وجہ سے نظریاتی تصادم پیدا کیا گیا، اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیرت میوزیم دومختلف زاویوں سے اہم خدمات سرانجام دے سکتا ہے، سیرت میوزیم لوگوں کی تربیت کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ اسلام کے لیے خدمات پر رابطہ عالم اسلامی کا کردار اہم رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں قرآن کے کم سن حفاظ میں انعامات تقسیم کئے، وزیراعظم نے خوبصورت اور منفرد لہجوں میں قرآن پاک کی تلاوت کرنے والوں میں بھی انعامات تقسیم کئے۔