کوئٹہ: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے نے گزشتہ دو روز کے دوران خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے نے رپورٹ میں بتایا کہ خیبرپختونخوا میں پچھلے دو روز میں تیز بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے ہیں، مرنے والے افراد میں 4 بچے، 2 مرد اور ایک خاتون شامل ہے، 4 خواتین، 5 مرد اور 1 بچہ زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق کئی اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 84 مکانات کو نقصان ہوا جس میں 15 گھروں کو مکمل، 69 کو جزوی نقصان پہنچا، بارش کے باعث جانی اور مالی حادثات دیر اپر و لوئر، چترال لوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند اور مالاکنڈ میں رونما ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی
پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ چترال لوئر میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، مزید بند سڑکوں پر فوری ٹریفک بحال کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی، تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے متعلقہ انتظامیہ اور اداروں کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی، پی ڈی ایم اے نے بھی متعلقہ انتظامیہ کو متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا کہہ دیا۔
پی ڈی ایم اے نے جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 21 اموات کی تصدیق کر دی، جاں بحق افراد میں 9 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں، رحیم یار خان میں 9، بہاولنگر، بہاولپور اور لودھراں میں 3، 3، مظفرگڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو میں ایک، ایک ہلاکت ہوئی۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی، شہری بارشوں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔