پشاور: (دنیا نیوز) سابق چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے سیاست میں دوبارہ واپس آنے کا فیصلہ کرلیا ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے ، پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں کے ساتھ باقاعدہ کئی بار ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
پرویز خٹک کی دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو
اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات کو دیکھ کر آگے کا لائحہ عمل طے کرونگا، موجودہ حکومتوں کو خاموشی سے دیکھ رہا ہوں، نوشہرہ کے عوام کو اب محرومی کا احساس ہو جائے گا۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ نوشہرہ کتنی ترقی کرتا ہے اب پتہ چلے گا، 10 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے نوشہرہ کے لیے منظور کئے تھے جو واپس ہوگئے، رواں سال حالات کو دیکھ کرسیاست میں آنے کا فیصلہ کرسکتا ہوں۔
ان کاکہنا تھا کہ فی الحال میڈیا اور سوشل میڈیا سے دوری اختیار کی ہے، سوشل میڈیا پر مجھے جس طرح تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہ افسوسناک ہے۔