لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی زاہد اکرم، محمد اجمل خان،محمد کاشف، آغا علی حیدر شامل تھے، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، معاون خصوصی ذیشان ملک اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان اسمبلی نے مختصر وقت میں متعدد عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا، 100 فیصد مفت ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوگی جبکہ 5 ایکسپریس ویز اور 3 موٹر ویز بنائیں گے، طلبہ کیلئے 20 ہزار موٹر بائیکس کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے۔