اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ کسی بھی ادارے کے چیف ہوں ان کی ایکسٹینشن کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن ہے آپ سب دیکھیں گے، اللہ خیر کرے گا۔
عمر ایوب نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز کی تعداد کم ہو گئی ہے، چیف الیکشن کمشنر باہر مزے لینے کے لئے گئے ہوئے ہیں، واپس آئیں گے تو کینیڈا میں سفیر تعینات ہو جائیں گے، عدالتوں کے شکر گزار رہے ہیں جنہوں نے ہماری قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 1 نشست واپس کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا ووٹ اور آواز بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، جیت پی ٹی آئی کی ہے، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو بنیادی سہولیات سرگودھا جیل میں نہیں دی جا رہیں، ایک طرح سے ان کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے، خواتین کے ساتھ یہ سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں ان چیزوں سے اجتناب کرنا چاہئے اور جلد سے جلد ان کو رہا کرنا چاہئے، چھ جسٹس نے لکھا ہے کہ انٹیلیجنس ایجنسیز کے آپریٹر اور ایجنٹس نے بیڈ رومز تک کیمرے اور آلات فٹ کئے تھے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا، یہ جیب تراش حکومت ہے اور عوام کی یہ جیبوں پر ڈاکہ ماریں گے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔