پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین یوتھ پروگرام برائے وزیراعظم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین یوتھ پروگرام برائے وزیراعظم رانا مشہود کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ڈیل ناکام بنانے کیلئے شوکت ترین نے وزیر خزانہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے مل کر سازش کی تھی، اب بھی ڈیل ناکام بنانے کیلئے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سعودی عرب اور چائنہ کے ساتھ نئے معاہدے کرنے جا رہے ہیں، 2018 کے بعد پاکستان میں کوئی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں ہوئی، آئی ایم ایف کی شرائط 2022 میں طے ہوئیں جسے پورا کرنا پاکستان کی مجبوری ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اور ڈیل ہوگی پھر آئی ایم ایف کو 2016 کی طرح خیرباد کہا جائے گا، پی ٹی آئی نے ہمیشہ پارلیمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی والوں نے کبھی سرکاری مراعات کو نہیں چھوڑا۔
رانا مشہود نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ن لیگ کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے فارم 45 جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں، الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے فارم 45 میں زمین آسمان کا فرق ہے۔