راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے خلاف دعائیہ تقریب پر درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب پر درج مقدمے کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سنے۔
دوران سماعت علیمہ خان نے عدالت میں بیان دیا کہ یہ مقدمہ تھانہ سٹی پولیس نے درج کیا تھا، ہم دعا کر رہے تھے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام نے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام کیسز زندہ لاشیں ہیں: علیمہ خان
سماعت کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب تک ظلم سہتے رہیں گے ظلم جاری رہے گا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام کیسز زندہ لاشیں ہیں، سب ایک ایک کر کے ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، تمام کیسز کا سامنا کریں گے، القادر یونیورسٹی کیس کے فیصلے تک بشریٰ بی بی کو کیسوں میں گھسیٹا جاتا رہے گا۔
علیمہ خان نے مزید کہا ہے کہ عدت کیس بھی بے ہودہ ہے، سائفر کیس بھی ان سے نہیں سنبھل رہا، اسے بھی ختم کرنا پڑے گا، تمام کیسز میں ججز پر دباؤ ہے کہ انہیں کیسے جاری رکھا جائے۔