لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان خیر سگالی کے لئے اچھا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیر سگالی کے دورے اور وفاقی حکومت نے جو معاہدے کئے اچھے ہیں، عام انتخابات میں چار حلقوں میں الیکشن لڑ رہے تھے، ہماری توجہ تقسیم تھی، ایک بڑا گروپ بھی ہمارے خلاف تھا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ایسا نہیں تھا اس وجہ سے شاندار نتائج آئے، ضمنی الیکشن بڑے شاندار اور پرامن تھے، ایک بھی پرتشدد واقعہ نہیں ہوا، افسوسناک امر یہ ہے کہ پری بجٹ اجلاس میں حکومتی ارکان نہیں آئے، ضروری ہے کہ اجلاس وقت پر شروع ہو۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب کے وزراء سے بات ہوئی، اجلاس میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، سیشن جس وقت بلایا جاتا ہے اسی وقت پر شروع ہونا چاہئے، ارکان اسمبلی کے دفاتر و رہائش گاہوں پر حلقے کے عوام کا رش بھی تاخیر میں آنے کی ایک وجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہرحال اجلاس کے تاخیر سے شروع ہونے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔