اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں میڈیکل کالجز کی جانب سے فیسوں میں اضافے کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافے کیخلاف انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا جائے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں فیسوں میں اضافہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے، بیرون ممالک سے میڈیکل ڈگری رکھنے والے طلبہ کی حوصلہ شکنی کرنے والوں کی بھی نشاندہی کی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا میڈیکل کالجز نے فیس 5 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 22 لاکھ روپے کر دی ہے، سپریم کورٹ نے 2018ء میں میڈیکل کالجز کی فیسوں سے متعلق فیصلہ دیا تھا، میڈیکل کالجز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں فیسوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا۔
درخواست میں کہا گیا سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی گئی ہے، میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافے کے بعد طلبہ کیلئے تعلیم حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔
ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ نے آرٹیکل 184/3 کے تحت درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔