کراچی: (دنیا نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعلی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، خطے کی ترقی کے سفر کا آغاز سندھ کی سرزمین سے ہوگا، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو سندھ کے عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں، صدر آصف علی زرداری نے ایران کو ہمیشہ ایک قابل بھروسہ دوست تصور کیا، تمام ممالک ملکر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران آج تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں، فلسطین اور کشمیر میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے، پاکستان کا سخت اور اصولی مؤقف ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ایران کے ساتھ تعلیمی، ثقافتی، سماجی اور اقتصادی روابط کو انتہائی مقدم رکھتا ہے۔