ضمنی انتخابات: پیپلزپارٹی کا پی پی 36 میں ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان

Published On 18 April,2024 10:03 pm

وزیرآباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے پی پی 36 میں ن لیگ کے امیدوار عدنان چٹھہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمرزمان کائرہ نے حلقہ پی پی 36 کے علاقہ جھام والا میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی 36 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگی امیدوار عدنان چٹھہ کی حمایت کرنے کا اعلان کیا، کارنر میٹنگ صدر پیپلزپارٹی نیویارک ظفر چٹھہ کے ڈیرہ پر منعقد کی گئی۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی بڑے چسکورے ہو گئے ہیں، ہم مصالحہ دار خبریں بڑے شوق سے سنتے ہیں، حالانکہ وہ خبریں ہمارے ہی خلاف ہوتی ہیں، بڑے تبصرے ہو رہے ہیں یہ کمزور حکومت کب تک چلے گی، میں روز کہتا ہوں اسی حکومت نے چلنا ہے اور پانچ سال چلنا ہے۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں لیکن حکومت میں نہیں ہیں، ہمارے وزارتیں نہ لینے کو کئی رنگ دیئے گئے، اسی لئے ہم نے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کی چھوڑی گئی نشستوں پر ملکر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پارلیمانی عہدے لئے، ایگزیکٹو عہدے نہیں لئے تاکہ ن لیگ یکسوئی سے اپنی پالیسی پر عملدرآمد کرے، پیپلز پارٹی حکومت بنانا چاہتی تو ہم مجبور کر سکتے تھے، سازشیں کر سکتے تھے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے اس جماعت سے کہا جس کے پاس اکثریت تھی اس جماعت نے حکومت نہیں بنائی تو ہم نے ن لیگ سے کہا حکومت بنا لیں، ہم حکومت کے ساتھ ہیں حکومت میں نہیں ہیں، جو یہ دعویٰ کر رہے ہیں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا وہ دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے دوسری جماعتوں جن کو پاکستانی عوام نے ووٹ دیئے ان کو بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں، وہ کہتے ہیں جو ووٹ پی ٹی آئی کو ملا ہے صرف وہ پاکستانیوں کا ووٹ ہے باقی ووٹ کسی اور کے ہیں۔