کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں سٹریٹ کرمنلز کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر رد عمل میں کہا کہ سٹریٹ کرمنلز کے خلاف پولیس اور رینجرز مل کر ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متحدہ کہتی ہے کہ فلاں زبان بولنے والے کرائم کر رہے ہیں جو نفرت کی سیاست کا مظہر ہے، کرمنلز کی نہ تو کوئی زبان ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی مذہب یا قومیت ہوتی ہے، جرائم پیشہ افراد انسانیت اور امن کے دشمن ہوتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سٹریٹ کرمنلز کے کیسز کی پیروی بہتر طریقے سے کررہی ہے، سٹریٹ کرمنلز کے مقدمے میں ابھی ایک کرمنل کو 8 سال قید ہوئی، یہ حیرت کی بات ہے کہ متحدہ کے دوست سٹریٹ کرائم کے خلاف وفاق کو بلانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف متحدہ کہتی ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم مضبوط کیا جائے تاکہ بلدیاتی ادارے مستحکم ہوں، تعجب ہے دوسری طرف متحدہ وفاق کو کہتی ہے کہ صوبائی معاملات میں مداخلت کرے، ماضی میں متحدہ نے کراچی آپریشن کا مطالبہ کیا اور آپریشن میں سب سے زیادہ چیخیں بھی ان کی نکلیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متحدہ ایسے مطالبات نہ کرے جس سے وہ خود متاثر ہوں، یہ سیاسی منافقت دراصل ایم کیو ایم کی پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت سے بغض کا واضح ثبوت ہے، ایم کیو ایم کو سیاسی محرومی اندر سے کھائے جا رہی ہے، اس پر کھل کر بات کریں تاکہ اس کا حل نکالا جائے۔