کراچی: (دنیا نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد کے موقع پر شہر کی اہم سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند کی گئی تھیں تاہم اب ان کی واپسی کے بعد شارع فیصل سمیت مختلف سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ایوان صدر روڈ کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، لکی سٹار سے شارع فیصل جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔
میٹروپول چورنگی کے اطراف کی سڑکوں کو بھی کھول دیا گیا، میٹروپول چورنگی سے بی آئی ڈی سی جانے والی سڑک بھی عام ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لکی اسٹار سے جناح اسپتال جانے والا فلائی اوور تاحال بند ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کی اہم سڑکوں سے کنٹینرز اٹھا کر ایک طرف رکھ دیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر کے دورہ کراچی کے موقع پر شہر کی مختلف سڑکوں کو کنٹینٹر لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔